26/08/2026
پمز اسپتال میں پیش آنے والے آتشزدگی کے المناک واقعے پر مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
نواز شریف نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ انہوں نے سوگوار والدین اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس غم کی گھڑی میں ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
نواز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے مزید کہا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ دوبارہ کسی خاندان کو اس طرح کے ناقابلِ تلافی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔