07/09/2026
دو ماہ سے بجلی کی طویل بندش، برکوٹ،کوہالہ ،درکوٹ،کوہمل ،پاکشائ اور ملحقہ علاقوں کے عوام شدید مشکلات کا شکار
برکوٹ، کوہالہ، پاکشائ، درکوٹ اور کوہمل سمیت ملحقہ علاقوں کے عوام گزشتہ دو ماہ سے بجلی کی مسلسل اور طویل بندش کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ روزانہ تقریباً آٹھ گھنٹے بجلی بند رہنے سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ شدید گرمی میں بچوں، بزرگوں، مریضوں، طلبہ اور کاروباری طبقے کو خاص طور پر پریشانی کا سامنا ہے۔
بجلی کی طویل بندش کے باعث گھریلو کام کاج متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروبار بھی نقصان اٹھا رہے ہیں۔ طلبہ کی پڑھائی متاثر ہو رہی ہے، پانی کی فراہمی میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں اور عوام کو موبائل فون، پنکھے اور دیگر ضروری برقی آلات کے استعمال میں شدید دشواری پیش آتی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی فنی خرابی، لائن لاسز، ٹرانسفارمر کے مسئلے یا کسی اور وجہ سے بجلی کی بندش کی جا رہی ہے تو IESCO حکام عوام کو اصل صورتحال سے آگاہ کریں اور باقاعدہ لوڈشیڈنگ شیڈول جاری کریں۔ عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ انہیں بتایا جائے کہ بجلی کب اور کیوں بند کی جا رہی ہے اور اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
متعلقہ حکام سے مطالبہ ہے کہ برکوٹ، کوہالہ، پاکشاہ، درکوٹ اور کوہمل میں بجلی کی طویل بندش کا فوری نوٹس لیا جائے، بجلی کی فراہمی کو معمول پر لایا جائے اور اگر کوئی تکنیکی مسئلہ موجود ہے تو اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
علاقہ مکین IESCO سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ خاموشی اختیار کرنے کے بجائے عوام کو واضح اور تسلی بخش جواب دے۔ بجلی بنیادی ضرورت ہے، عیاشی نہیں۔