28/11/2023
آم کی دیسی اور کم ریٹرن والی اقسام کو اچھی اور کمرشل اقسام سے بدلنا وقت کی ضرورت ہے۔ آم کے باغات سے فی ایکڑ زیادہ سے زیادہ انکم حاصل کرنے کے لیے اچھی اور کمرشل اقسام کا انتخاب اس مقصد کے حصول کی پہلی اور نہایت اہم سیڑھی ہے۔
لیکن ایسا بھی ہے کہ پہلے وقتوں میں جو اقسام اچھی انکم دیتی تھی اب ان کے مقابلے میں نئی اقسام جو کہ اچھی رنگت، سائز، ذائقہ شیلف لائف والا پھل دینے کی وجہ سے ان پرانی اقسام سے زیادہ انکم دے رہی ہیں۔
آم کے باغبان حضرات بڑے دیسی اور کم انکم دینے والی اقسام کے پودوں کو اچھی انکم دینی والی اقسام کے پودوں سے بدل سکتے ہیں، اس عمل کو ورائٹی کی تبدیلی (variety replacement) کہتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے آم کے بڑے پودوں (کسی بھی عمر کے پودے) کی ایک بڑی صحت مند شاخ/ ٹہنے کے سوا تمام ٹہنوں کو 5 (اگر پودا 5 سے 10 سال کا ہے) سے 8 فٹ (اگر پودا دس سال سے بڑا ہے) کی بلندی سے کاٹ دیا جاتا ہے۔ جہاں جہاں جن ٹہنوں کو کاٹ دیا جاتا ہے وہاں سے مزید نئی شاخیں نکلتی ہیں۔ جب یہ نئی شاخیں ایک انچ یا اس سے کچھ زیادہ موٹائی کی ہو جاتی ہیں تب ان نئی شاخوں پر آئندہ سیزن میں کمرشل اقسام کی پیوند کر دی جاتی ہے۔ اسی دوران مندرجہ ذیل اہم پوائنٹ کو ضرور ذہن میں رکھنا چاہیے۔
1۔ جن پودوں کی اقسام تبدیل کرنی ہو ان کی کٹائی سے پہلے اچھی طرح آبپاشی لازمی کرلیں۔
2۔ پودے کی جنوب مغرب سائیڈ پر ایک ٹہنہ کی کٹائی نہ کریں۔ یہ پودے کے زندہ رہنے کے لیے ضروری ہے۔
3۔ جہاں جہاں بھی کٹ لگائیں ان کٹ کا رخ تھوڑا ترچھا/ڈھلوان نما ( Slanting) ہونا ضروری ہے۔
4۔ کٹائی کے بعد ان کٹ پر پھپھوند کش پیسٹ/ بورڈو پیسٹ (نیلا تھا: چونا: پانی کا پیسٹ 1:1:10) لازمی لگائیں۔
5۔ ان کٹ پر اگر زیادہ شاخیں نکلتی ہیں تو 3 سے 4 صحت مند شاخوں کو رکھ کر باقی کی چھدرائی کریں۔
6۔ نئی شاخوں کو کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں سے محفوظ رکھیں۔
𝐌𝐮𝐡𝐚𝐦𝐦𝐚𝐝 𝐈𝐪𝐛𝐚𝐥, 𝐒𝐜𝐢𝐞𝐧𝐭𝐢𝐜 𝐎𝐟𝐟𝐢𝐜𝐞𝐫, 𝐌𝐚𝐧𝐠𝐨 𝐑𝐞𝐬𝐞𝐚𝐫𝐜𝐡 𝐒𝐭𝐚𝐭𝐢𝐨𝐧, 𝐒𝐡𝐮𝐣𝐚𝐛𝐚𝐝. 𝟎𝟑𝟎𝟎𝟔𝟐𝟒𝟑𝟒𝟐𝟏